جموں، 3 ؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )جموں کشمیر کے سابق نائب وزیر اعلی منگت رام شرما کا طویل علالت کے بعد آج انتقال ہو گیا،وہ 85سال کے تھے اور ان کے خاندان میں چھ بیٹے ہیں۔کانگریس کے چیف ترجمان روندر شرما نے کہاکہ شرما گزشتہ کچھ وقت سے بیمار تھے اور آج صبح انہوں نے اپنے گھر میں آخری سانس لی۔شرما کی کل شاستری نگر میںآخری رسومات اداکی جائے گی۔چھ بار رکن اسمبلی رہے شرما نے جموں کشمیر اسمبلی کے اسپیکر کا بھی کردار ادا کیا تھا۔وہ مفتی محمد سعید کی قیادت والی پی ڈی پی کانگریس مخلوط حکومت میں نائب وزیر اعلی رہے اور بعد میں 2006میں غلام نبی آزاد کے وزیراعلی رہتے ہوئے انہوں نے وزیر صحت کے طور پر اپنی خدمات دیں۔جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی میں بھی وہ اہم عہدوں پر رہے۔سرحدی علاقوں کے باشندوں سے ملنے یہاں آئے آزاد شرما کے گھر گئے اور ان کے اہل خانہ سے مل کر تعزیت کا اظہار کیا۔کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ شرما کا انتقال پارٹی کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔